انڈونیشیا: جزیرہ سماٹرا میں زلزلوں کے شدید جھٹکے‘ شہری خوفزدہ

252
جکارتا: انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے بعد ماہرین سڑک پر پڑنے والی دراڑ کا جائزہ لے رہے ہیں

جکارتا (انٹرنیشنل ڈیسک) انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں 6.8 اور 6.9 شدت کے 2 زلزلوں سے زمین لرز گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق گزشتہ روز سماٹرا کی مغربی ساحلی پٹی میں 6 منٹ کے وقفے سے 2 شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی شدت کئی کلومیٹر دور تک محسوس کی گئی جب کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دوسرے زلزلے کی شدت پہلے کے مقابلے میں زیادہ تھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلے کا مرکز 22 سے 26 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔حکام کے مطابق سونامی کا کوئی خطرہ نہیں جب کہ زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول نہیں ہوئیں۔ زلزلوں کے بعد کافی دیر تک آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔