لاہور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار دہشت گرد کے اہم انکشافات

700
File photo

گزشتہ روز لاہور کے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار دہشت گرد لیاقت نے اہم انکشافات کر دیے۔

دہشت گرد لیاقت نے پولیس کو دیے گئے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ پولیس لائنز کے باہر دھماکہ کرنا تھا، دھماکے کی ہدایت مکرم عرف عمر خراسانی سے ملی۔

ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر لڑکے کا انتظار کر رہا تھا لیکن گرفتار ہوگیا، خودکش حملے کا منصوبہ چند روز پہلے بنایا، 17 سالہ بمبار پڑوسی ملک کا رہائشی ہے۔

گزشتہ روز کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر اہم کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا تھا۔

سی ٹی ڈی اہلکاروں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا تھا۔ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، شناخت لیاقت کے نام سے ہوئی ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گرد لیاقت سے خود کش جیکٹ اور دستی بم برآمد ہوئے تھے۔ دہشت گرد خودکش حملہ آور کا انتظار کر رہا تھا، حملہ آور نےحساس تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔