اسرائیل سے رابطوں کا بیان کیوں دیا؟ سوڈانی وزارت خارجہ کا ترجمان عہدے سے برطرف

617

خارطوم:سوڈان نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے بیان دینے پر وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوی صدیق کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کے نگران وزیر خارجہ عمر قمرالدین نے ترجمان کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں  حیدر بداوی صدیق کے بیان پر شدید حیرت ہے، ان کو کسی نے اس معاملے پر بات کرنے کا نہیں کہا تھا۔

قمر الدین نے کہا کہ سوڈان نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی اور نہ ہی ایسی کوئی بات وزارت خارجہ میں زیر بحث آئی ہے۔

دوسری جانب حیدر بداوی نے برطرف کیے جانےکے بعد اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کا احترام کرتے ہوئے انہیں بتائے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے لیے خفیہ طور پر کیا چل رہا ہے۔

خیال رہے کہ حیدر بداوی نے مقامی میڈیا اور غیرملکی خبر ایجنسی کو بیان دیا تھا کہ سوڈان کا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ہے،ان کا کہنا تھا کہ  ہم اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں،اسرائیل سےامن معاہدہ رواں برس یا اگلے برس کے اوائل تک ہوگا۔