محمدیوسف اور عبدالرزاق کو کوچنگ کا موقع ملے گا

435

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائی پرفارمنس سینٹر اور صوبائی ٹیموں کے لیے کوچز کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

برطانیہ میں مقیم محمد زاہد بولنگ کوچ، عتیق الزمان وکٹ کیپنگ کوچ ہوسکتے ہیں، سابق کپتان محمدیوسف ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

پاکستان کے کامیاب سابق آل راونڈر عبدالرزاق نوجوان آل راونڈرز کی رہنمائی کریں گے جبکہ باسط علی، غلام علی بھی کوچز لسٹ کا حصہ ہیں، سابق کرکٹرز سے کوچنگ ذمہ داریاں طے ہوگئیں  ہیں البتہ تقرری مالی معاملات اور دیگر شرائط سےمشروط ہیں۔

محمد زاہد نیوزی لینڈ کے خلاف ڈبیو ٹیسٹ میں 11 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے واحد پاکستانی پیسر ہیں اور انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے  5 ٹیسٹ اور11 ایک روزہ میچوں میں ملک کی نمائندگی کی، کمر کی تکلیف کے سبب ان کا کیرئر مختصر رہا، 44 سالہ محمد زاہد ان دنوں بولٹن میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان بولرز کی رہنمائی کریں گے۔

ایک ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچزکھیلنے والے عتیق الزمان آج کل لنکا شائر ویمنز ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

دوسری جانب فاسٹ بولر شعیب اختر نے بولنگ کوچ کے اس عہدہ میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جبکہ بیٹنگ کوچ کیلئے محمد یوسف اور آل راونڈرز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کو ذمہ داری دینے پر اتفاق پایا جاتا ہے۔