پاکستان میں 2 سال قیام نے زندگی بدل دی، سابق قومی ویمنز ٹیم کوچ

442

لاہور: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مارک کولز نے کہاکہ پاکستان میں 2سال قیام نے زندگی بدل دی، مجھے سبز کوٹ میں دفنایا جائے۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز ستمبر 2017 سے اکتوبر 2019تک ذمہ داری پر فائز رہے، یہ عرصہ ان کی زندگی کے لیے ناقابلِ فراموش ثابت ہوا،وہ ان دنوں آسٹریلیا کے شہر سن شائن کوسٹ میں رہائش پزیر اور ایک کلب ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کولز نے کہا کہ میں لفظوں میں بتا نہیں سکتا کہ دورہ پاکستان سے کتنا متاثر ہوا، پاکستان کا ترانہ، پرچم، اس پر چاند اور ستارہ، میرے لیے بہت ہی یادگار اور اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان اور اپنی ٹیم پر بہت فخر تھا، میں چاہوں گا کہ مجھے پاکستان کے سبز کوٹ میں ہی دفنایا جائے، اس 2 سال کے عرصے نے میری زندگی بدل دی ہے۔

مارک کولز نے کہا کہ میں نے ایک ایسے ملک کیلیے کام کیا جس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا لیکن اس نے میرے دل میں جگہ بنالی، مجھے ایک بار پھر سے جینے کا ذریعہ ملا۔