جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،لیاقت بلوچ

96
حیدرآباد:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ لوئر سندھ، امراء زونز اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، کارکنان انتخابات کی تیاری کریں۔ کارکنان گھر گھرجا کرجماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیٹرول و سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، زندگی گزارنا بہت مشکل ہوگیا ہے، آٹا، گھی، دال، چاول، چینی، سبزیاں، فروٹ سب کچھ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ غربت ہمارا مقدر نہیں ہے یہ ہماری غلطیوں کا نتیجہ ہے جوکہ لٹیروں، ظالم جاگیرداروں، وڈیروں کو ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہارانہوں نے مرکز تبلیغ اسلامی شاہ مکی روڈ میں منعقدہ لوئر سندھ ، امراء زونز اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو، حافظ نصر اللہ عزیز، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی صوبہ سندھ کاشف شیخ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی، ضلعی امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید ، نائب امراء ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم حیدر اور جنرل سیکرٹر ی مطاہر خان شریک تھے۔ اجلاس میںحیدرآباد کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی رویے نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے خود عوام سے ریلیف لینا چاہتی ہے۔تعلیم ، صحت، بلدیات کا پورانظام کرپشن کی نظر ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب آپ اپنے ووٹ کی اصلیت کو سمجھیں اور ان لوگوں کو ووٹ دیں جو اس ملک میں قرآن وسنت کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیںجن پر کرپشن، لوٹ مار کاکوئی کیس نہ ہو،گزشتہ روز بچی کی گٹر میں گر کر ہلاکت کرپشن زدہ بلدیاتی نظام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ معصوم ملائیکہ کے قتل کی ذمے دار حکومت ہے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران ملک بھر میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنوں نے عوام کی بے لوث خدمت کی جس کا اعتراف پوری قوم کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کاروں نے اب تک ڈیڑھ ارب روپے سے زیادہ کا امدادی سامان اور راشن تقسیم کیا۔ جماعت اسلامی کی امانت و دیانت کو پوری قوم سراہتی ہے۔ اگر قومی امانتیں جماعت اسلامی کے سپرد کی جائیں تو جماعت اسلامی ملک کواسلامی و فلاحی ریاست بناسکتی ہے۔