علما انتشار پھیلانے والوں سے تعلقی کا اظہار کریں،وزیر مذہبی امور

235
اسلام آباد،وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری محرم میں ایس او پیز کے حوالے سے علماء سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت محرم الحرام کے تناظر میں علماء کرام اور دیگر محکموں کا مشاورتی اجلاس پیر کو وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ مشاورتی اجلاس میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ صحت، ضلعی انتظامیہ ، این سی او سی سمیت مسالک کے نمائندہ علماء کرام علامہ عارف واحدی، سیّد بزرگ شاہ الازہری، ڈاکٹرظفر جلالی، مولانا شریف ہزاروی و دیگر نے شرکت کی اور محرم الحرام کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اور مسلکی رواداری کے فروغ کیلیے مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق ظاہر کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا جس کے مطابق تمام مکاتب فکراپنے درمیان محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضاء قائم کرنے کی خلوص دل سے کو شش کریں گے۔ مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت، افہام و تفیہم اور سنجیدہ مکا لمے کے اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے۔ عوامی پلیٹ فارم سے اپنے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے مکمل اجتناب کیا جائیگا۔ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلیے محرم الحرام میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ علماء کرام اور خطباء واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وجبر کو دنیا تک پہنچائیں۔ اس سے قبل پیر نورالحق قادری نے علما کو بتایا کہ ملک دشمن عناصر مسلکی تعصب کو ہوا دے کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تمام اکابر علماء کرام عوام میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے بے زاری اور لا تعلقی کا اظہار کریں۔ کسی سوچ اور فکر کو اپنانا غلط نہیںبلکہ دوسروں پر مسلط کرنا غلط ہے۔ ذکر اہل بیت کی مجالس اور عزاداری جلوسوں میں کورونا وبا سے احتیاطی تدابیر کو لازمی اختیار کرنا ہو گا۔ ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کافی بہتر ہے تاہم معمولی لا پروائی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔