ایم ایل ون منصوبے سے ترقی کا نیا باب روشن ہوگا،وزیراعظم

425
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان ایم ایل ون ریلوے منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے سماجی و معاشی ترقی کا نیا باب روشن ہوگا، ایم ایل ون منصوبے سے عوام کو سفر اور مال برداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ایم ایل ون (مین لائن ون) منصوبے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ و سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو ایم ایل ون منصوبے، پراجیکٹ پر عمل درآمد کے حوالے سے مقرر کردہ ٹائم لائنز، اب تک ہونے والی پیش رفت اور منصوبے کے ثمرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے نہ صرف ریلوے کا نظام جدید اور مضبوط ہوگا بلکہ اس منصوبے سے ہنرمندوں اور تربیت یافتہ افراد کے لیے نوکریوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی عمل کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے عوام کو سفر اور مال برداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ایم ایل ون منصوبے سے کاروباری برادری کے لیے جہاں کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں گی وہاں کاروباری لاگت میں واضح کمی واقع ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے سماجی و معاشی ترقی کا نیا باب روشن ہوگا۔ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین میں ہمارے پیش نظر عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی ہے۔دریں اثنائوزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم کے میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال اور ان میں مزید اضافہ کے لیے مجوزہ تجاویز و اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے جولائی 2020ء میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِاعظم نے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بنک کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کے لیے مزید اقدامات تجویز کیے جائیں تاکہ اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ ملکی معیشت کے استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کے شعبہ سے متعلق امور کے بارے میں جائزہ اجلاس پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم کے میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں بجلی کے شعبہ میں اصلاحات کے روڈ میپ پر بھی غور کیا گیا۔