بی جے پی مسلمان لڑکیوں کا مذہب تبدیل کرانے لگی

536
علی گڑھ: مذہب تبدیل کرنے والی لڑکی کی بہن بی جے پی رہنما کے خلاف ثبوت پیش کررہی ہے‘ چھوٹی تصویر حکمراں جماعت سے وابستہ شکنتلا بھارتی کی ہے

علی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں حکمراں جماعت بی جے پی نے مسلمانوں کو کو ورغلا کر مذہب تبدیل کرانے کی مہم شروع کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما شکنتلا دیوی مسلمان لڑکیوں کو جھانسا دے کر مذہب تبدیل کرنے اور ہندؤں سے شادی کرانے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق کئی مسلم خاندانوں کی جانب سے شکنتلا بھارتی پرالزام عائد کیا جاچکا ہے کہ وہ مسلمان لڑکیوں کو مذہب بدلنے اور ہندو لڑکوں سے ان کی شادی کرانے میں ملوث ہیں۔ حال ہی میں علی گڑھ سے لاپتاہونے والی مسلمان لڑکی ہندو لڑکے ساتھ منظر عام پر آئی اور اس نے اپنی مرضی سے شادی کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔ لڑکی کی مسلمان بہن نے ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی رہنما پر اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میری بہن میڈیا کے سامنے جس کار میں بیٹھ کر آئی وہ وہ شکنتلا کی کار تھی۔ مذہب تبدیل کرنے والی 7 اگست کو لاپتاہوئی تھی اور گھر سے زیور ات بھی غائب تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا،تاہم جب میڈیا کو بلانے کی دھمکی دی تو فوری طور پر بہن کا سراغ لگالیا گیا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ شکنتلا بھارتی میری بہن کو اپنے ساتھ رکھتی تھی اور مسئلہ صرف ایک لڑکی کا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ٹیم ہے، جو مسلمان لڑکیوں کا مذہب تبدیل کرانے کے مشن پر کام کررہی ہے۔ اس دوران انہوں نے کئی بار اپنی بہن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی،تاہم شکنتلا بھارتی نے ایسا ہونے نہیں دیا۔ دوسری جانب پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں الٹا متاثرین کے خلاف ہی ایف آئی آر درج کرلی۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے رہایشی علاقے میں پریس کانفرنس کرنے پر لڑکی کی بہن اور 3افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا،جب کہ کارروائی کرتے ہوئے ان میں سے 2کو گرفتار کرلیا۔