مساجد اور مزارات میں فلم اور ڈراموں کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد

318

لاہور: پنجاب حکومت نے مساجد اور مزارات پر فلم اور ڈراموں کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کاکہنا تھا کہ مسجد وزیر خان میں صبا قمر اور بلال سعید کے رقص سے متعلق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ اس ریکارڈنگ کو کہیں بھی نشر نہ کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پیمرا مسجد میں رقص کی عکس بندی پر اداکاروں اور پروڈیوسرز کےخلاف کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ریکارڈنگ کی  ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں رقص کررہے تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔