امریکہ سے بےدخل، چینی سفارتی عملے کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

288

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکی شہر ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کی بندش کے بعد وطن واپس آنے والے علمے کا بھرپور استقبال کیا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کا تمام عملہ چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے بیجنگ واپس پہنچا۔ اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا اور اس موقع پر تقریر بھی کی۔

 تقریر میں وانگ ای نے واضح کیا کہ ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کے تمام عملے نے بطور سفارت کار اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام دیئے اور انتہائی مشکل اور خطرناک حالات میں ملک کے بنیادی مفادات، وقار اور بیرون ملک چینی ایجنسیوں کے جائز حقوق کی حفاظت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کی طرف سے ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کی بندش کے اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں چین مخالف قوتیں چین اور امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور جان بوجھ کر چین کی ترقی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کوئی بھی طاقت،چینی کمیونسٹ پارٹی کے زیر قیادت چین کی ترقی کو نہیں روک سکتی۔

استقبالیہ تقریب میں ہیوسٹن قونصل خانے کے تمام عملے کو تیسرے درجے کے میرٹ سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا۔