انگلش ٹیم پر دورہ پاکستان “قرض”ہے، وسیم اکرم

351

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پرمستقبل میں دورہ پاکستان “قرض”ہے۔

سابق کپتان نے امید ظاہر کی ہے کہ انگلش ٹیم آئندہ دو سال میں پاکستان کا دورہ کرے گی، پاکستان نے کورونا وائرس کے باوجود برطانیہ کا دورہ کیا لہٰذا انگلش کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنی ٹیم بھیجے۔

فیوچر ٹور پروگرام کے تحت انگلینڈ کا ٹیم  2022 میں دورہ پاکستان شیڈول ہے تاہم انگلش کھلاڑیوں نے 06-2005ءکے بعد سے پاکستان کا سفر نہیں کیا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ انگلش کھلاڑی پاکستان سپر لیگ سے لطف اندوز ہوئے اور انہیں سیکیورٹی یا کوئی خوف محسوس نہیں ہوا جس کے بعد توقع ہےکہ وہ پی ایس ایل کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ بھی پاکستان آنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم تقریباً ڈھائی ماہ کیلئے بائیوسیکور ماحول میں انگلینڈ کا دورہ کررہی ہے ،اس لئے انگلش کھلاڑیوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ بھی پاکستان آکر مکمل سیریر کھیلیں۔وسیم اکرم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں انگلش کھلاڑیوں کی بہترین دیکھ بھال کی جائے گی اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہو گا۔

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور پی ایس ایل کے موقع پر کراچی کنگز کے اسکواڈ میں الیکس ہیلز اور کرس جورڈن تھے۔