صدر مملکت کی انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات

862

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سربراہ مملکت عارف علوی نے انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ کورونا میں دیہاڑی دارطبقے کیلئے معیشت کو کھلا رکھنا حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاوس سندھ میں انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات کی، گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں تاجر وفد کی سربراہی محمد جاوید قریشی کررہے تھے۔

تاجروں کے وفد نے کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے بعد تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کے معاشی پیکج اور ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھلا رکھنے کے فیصلے کی تعریف کی۔

تاجروں سے ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پبلک مقامات پر ایس او پیز پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی اور معاشرے کے کمزور طبقے کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کورونا میں دیہاڑی دار طبقے کےلیے معیشت کو کھلا رکھنا حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر پاکستان نے علمائے کرام کے وفد سے ملاقات کی تھی جس کی سربراہی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے عوام میں آگہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے کہا تھا کہ علماء اسلامی تعلیمات کے مطابق وراثت میں خواتین کے حقوق پر لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔