حکمران ٹولہ ہی محنت کشوں کا بڑا دشمن ہے‘ شمس الرحمن سواتی

262

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ 73 سال پہلے پاکستان کو انگریز سے آزاد کرایا تھا آج اس پاکستان کو انگریز کے غلاموں سے آزاد کرانا ہے۔ انگریز کے ان غلاموں نے استعماری ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو لاالٰہ الااللہ محمد الرسول اللہ کے نظام سے محروم کیا اور عالمی بینک اور آئی ایم ایف کا مقروض بنا کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا۔ پاکستان کی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلا اور پاکستان کو دولخت کردیا۔ پاکستان کے دریائوں اور قدرتی وسائل سے فائدہ نہ اٹھا کر قوم کو غربت کی اتھاہ گہرائیوں میں پھینک دیا۔ آج پاکستان کی سات کروڑ لیبر فورس میں صرف 36 لاکھ لیبر قوانین کے دائرہ میں ہے اور سات کروڑ لیبر کو رجسٹر نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث لیبر سماجی تحفظ، قوانین اور مراعات سے محروم ہے۔ ساڑھے سات کروڑ لیبر میں سے صرف 22 لاکھ مزدور سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے دائرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انفارمل سیکٹر کے مزدوروں کو منظم کررہے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان فارمل سیکٹر کے لیبر کو بھی لیبر قوانین اور سماجی تحفظ قوانین کے دائرے میں لایا جائے۔ حکومت فوری طور پر ان کی رجسٹریشن کے لیے نظام بنائے اور جنگی بنیادوں پر انہیں رجسٹر کیا جائے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ 73 سالوں سے حکمران ٹولہ ہی مزدور دشمن ہے۔ انہوں نے مزدوروں کو بیگار کیمپ میں دھکیل دیا ہے۔ یہ چند خاندانوں کے لوگ پارٹیاں بدل کر بھیس بدلتے ہیں اور مسلسل حکمرانی کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ یہ مزدوروں کے معاشی قتل کے ذمے دار ہیں۔ مزدور انہیں پہچان لیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ان سے انتقام لیں۔ مزدور اپنا ووٹ نظام مصطفی کے لیے استعمال کریں۔ اسلامی انقلاب کے لیے استعمال کریں۔ اس لیڈر شپ کے ساتھ کھڑے ہوں جو امانت دار، دیانت دار اور صاحب کردار ہیں۔ ریلی سے جے آئی یوتھ کے مرکزی سیکرٹری جنرل طاہر نوید ملک، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اور جے آئی یوتھ لاہور کے رہنما ملک عدنان نے بھی خطاب کیا۔