پوری انسانیت یہودیوں کے شر اور فساد سے تنگ ہے، امیر جماعت اسلامی

906

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کان کھول کر سن لے فلسطین پر سودے بازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا،فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرز لاہور ،کراچی ،کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے اور القدس ریلیاں ہوئیں جن میں عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

سینیٹر سراج الحق نے راولپنڈی میں القدس مارچ کی قیادت کی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس امت مسلمہ کا ہے مسجد اقصیٰ وہ مقدس مقام ہے جہاں نبی مہربان حضرت محمد ﷺ نے تمام انبیاءکی امامت کرائی اسی لئے یہ امت مسلمہ کا قبلہ اول ہے،اسرائیل فلسطین کی مقدس زمین پر قبضہ کرکے بنایا گیااور عالم کفر نے پوری دنیا کے یہودیوں کو اکٹھا کرکے اس ناجائز ریاست میں آباد کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سب سے پہلے امریکہ اور پھر روس نے اسرائیل کو تسلیم کیا جبکہ 1948سے لیکر آج تک کسی مسلم ملک نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں،آج اگر عرب امارات نے اس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی بات کی ہے تو پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے یہ معاہدہ دراصل ٹرمپ کی کامیابی ہے،حکومت او آئی سی کا فوری اجلاس بلائے اور امارات کے معاہدے کو منسوخ کیا جائے،پاکستان کے22 کروڑ عوام اس معاہدے کو مسترد کرتے ہیں،آج اگر ہم بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی،کشمیر و فلسطین دونوں ہمارے نظریاتی محاذ ہیں،حکومت نے کچھ نہ کیا تو اگلا مارچ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین مسلمانوں کے علاقے ہیں،کشمیر پر بھارت نے اور فلسطین پر اسرائیل نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے،مودی نے کشمیر کو اپنی ریاست قرار دیکر اقوام متحدہ کی ان تمام قراردادوں کی نفی کی جن میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے اور کشمیر کی الگ متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب مودی کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارت سے ریٹائرڈ ہندوفوجی اور آرایس ایس کے غنڈوں کولاکھوں کی تعداد میں لاکر کشمیر میں آباد کررہا ہے،آرایس ایس کو اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے اور اگر دنیا نے فوری طور پر اس طرف توجہ نہ دی تو خطرہ ہے کہ مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے ان کا قتل عام شروع کردیا جائے گا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اہل پاکستان آج اہل فلسطین و اہل غزہ کے ساتھ ہیں،فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے،فلسطین کا مسئلہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ قرآن نے پانچ بار بیت المقدس کا ذکر کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ دوسری جنگ عظیم کی ایک سازش اسرائیل کا وجود تھا،برطانیہ نے سازش کے نتیجے میں اسرائیل کا ناپاک وجود قائم کیااور 1948 میں دنیا پر ایک ناجائز ریاست اسرائیل کے نام سے سامنے آئی،جس سازش کے تحت اہل فلسطین کو دربدر کر کے ناجائز اسرائیل کا قیام عمل میں آیا اسی طرز پر آج کشمیر پر بھارت قبضہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ امارات نے اسرائیل کو تسلیم کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کو پیغام دیا کہ وہ ناجائز قبضے کو تسلیم کر رہا ہے،عراق، شام، لبنان، فلسطین کو ختم کر کے گریٹر اسرائیل قائم کرنے کا منصوبہ ہے،دنیا میں یہودی صرف 11 فیصد ہیں لیکن آج وہ پوری دنیا کو آنکھیں دکھا رہے ہیں اور پوری انسانیت ان کے شر اور فساد کی وجہ سے تنگ ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج کوئی اسلامی ملک اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کو تیار نہیں،متحدہ عرب امارات کا سرائیل کو تسلیم کرنا عربوں کی اسرائیل کے ہاتھوں شکست کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عربوں کے پاس مال و دولت اور اسلحے کی کمی نہیں لیکن آج عربوں کے نہ محل، نہ دربار، نہ ہی ریاستیں محفوظ ہیں،عربوں سے کہتا ہوں آپ کو معاہدے سے شکست اور شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیںملے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی حکمرانوں سے کہتا ہوں جب تک ایک مسلمان زندہ ہے فلسطین پر سودے بازی نہیں کریں گے ۔ہم کشمیر و فلسطین پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے،فلسطین کا مسئلہ عربوں کا نہیں ہمارا سب کا مسئلہ ہے ،فلسطین کی حمایت کے لئے ہر گلی کوچے، مسجد و مدرسے سے قافلے نکلیں گے۔