اسرائیل،عرب امارات معاہدے کیخلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

723

کراچی:اسرائیل اور متحدہ عرب امارت کے درمیان ہونے والے معاہدے کیخلاف امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں آج سندھ میں بھی کراچی تا کشمور یومِ احتجاج منایا گیا۔

صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں آج کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور،جیکب آباد، شہداد کوٹ، کشمور، سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ،تھرپارکر،جاتی، شہداد پور، سکرنڈاور راجونظامانی سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ومقامی رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤںوعلماءکرام نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے امریکہ کے ایما پر اسرائیل،عرب امارات کے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ عرب امارات اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے کیونکہ مسئلہ فلسطین صرف عربوں کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے مصطفی مسجد گارڈن ایسٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات نے اسرائیل سے معاہدہ کرکے پوری امت مسلمہ کے دل دکھائے ہیں،بیت المقدس امت کا قبلہ اول ہے جہاں پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔

امت مسلمہ کے دشمن اور ناجائز اسرائیلی ریاست کو پاک سرزمین پر کبھی بھی قبول نہیں کیا جائے گا،پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل،عرب امارات معاہدے پر حکومت پاکستان اپنا موقف واضح کرے جبکہ اوآئی سی کا اجلاس طلب کرکے اس معاہدے کی مذمت کی جائے۔