اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ

1248

اسلام آباد: وزارت اوورسیز نے پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے،حکومت نےملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے، اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک سمیت تمام کمرشل بینکوں اوراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی مکمل ہوگئی۔

منصوبے کے تحت ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلواسکیں گے،بینک اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے بنیادی معلومات،دستاویزآن لائن فراہم کرنا ہوں گی، اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کاجدیدڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائیگا،فنڈز ٹرانسفر،بل پیمنٹ،ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز دستیاب ہوں گی۔

اوورسیز پاکستانیز ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کرسکیں گے،بیرون ملک مقیم  پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے، بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پروڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکے گا، رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کیلئے براہ راست ٹرانزیکشن کی سہولت مل سکےگی۔

اوورسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلواسکیں گے،اورجب چاہیں اپنا سرمایہ بغیر پیشگی اجازت نکال سکیں گے۔