میرپور خاص،بھانسنگھ آباد میں 15 روز سے بجلی کی فراہمی بند

312

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) بھانسنگ آباد میں پچھلے پندرہ روز سے بجلی کی فراہمی بند، ہزاروں مکین پچھلے پندرہ روز سے سخت گرمی میں اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ، کئی بار درخواست اور شکایت کے باوجود حیسکو حکام کی پراسرار خاموشی اور بے حسی کا مظاہرہ ، علاقے میں پینے کا پانی نایاب ہو گیا مکینوں کا حیسکو کیخلاف احتجاج۔ میرپورخاص کے علاقے بھانسنگھ آباد کی گلی نمبر ایک کا بجلی کا ٹرانسفارمر پچھلے پندرہ روز سے خراب پڑا ہو ا ہے مکینوں کی جانب سے حیسکو حکام کو کئی بار شکایات اور درخواست کے باوجود حیسکو حکام بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ بجلی نہ ہو نے کی وجہ سے علاقہ مکین خاص طور پر خواتین اور بچے سخت گرمی میں اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ٹرانسفارمر ٹھیک نہ کرنے پر حیسکو کے خلاف سیکڑوں مکینوں نے بھانسنگھ آباد روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔ اس موقع پر ملک عبدالجبار اور دیگر نے بتایا کہ حیسکو حکام نے ہمارے بجلی کے ٹرانسفارمر پر اضافی بوجھ ڈالا ہوا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹرانسفارمر خراب رہتا ہے اور حیسکو حکام ناقص مرمت کر کے ٹرانسفارمر لگاتے ہیں تو دوسرے روز پھر خراب ہو جا تا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پندرہ روز سے ٹرانسفارمر خراب ہے حیسکو اہلکار ٹھیک نہیں کر رہے ہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مکین خاص طور پر خواتین اور بچے سخت پریشان ہیں گھروں میں پینے کا پانی نہیں ہے زیر زمین مضر صحت پانی کے استعمال سے لوگ پیٹ اور جلد کے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی کا ٹرانسفارمر ٹھیک کیا جائے اور اضافی لوڈ ختم کیا جائے تاکہ مکین روز روز کی اس پریشانی سے نجات حاصل کرسکیں۔