پنگریو، کاشتکاروں پر مقدمات کیخلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا

142
پنگریو : کاشتکاروں کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی شاہراہ سے گزر رہی ہے

پنگریو (نمائندہ جسارت) آبپاشی سب ڈویژن خیرپور گمبو کے ایس ڈی او کی جانب سے سب ڈویژن کے آخری سرے کے کاشت کاروں کیخلاف پنگریو تھانے میں مقدمات درج کرانے کیخلاف سندھ آبادگار تنظیم نے نواحی شہر ملکانی شریف میں احتجاجی ریلی نکالی اور پنگریو جھڈو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا جس کی وجہ سے روڈ بلاک ہوگیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے رہنمائوں فیاض شاہ راشدی، طارق محمود آرائیں، محمدعلی لسکانی، لطف علی ملکانی اور دیگر نے کہا کہ خیرپورگمبو سب ڈویژن بھرمیں نہری پانی کی شدیدقلت ہے، خاص طور پر سب ڈویژن کی سترہ شاخوں کے آخری سرے گزشتہ کئی ماہ سے پانی سے محروم ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف زراعت متاثر ہورہی ہے بلکہ انسانی آبادی اورمویشیوں کے لیے پینے کاپانی بھی دستیاب نہیں ہے جس کیخلاف سندھ آبادگارتنظیم احتجاجی تحریک چلارہی ہے آبپاشی سب ڈویژن خیرپور گمبو کے راشی اور نااہل ایس ڈی او نے اس پر برہم ہوکر سندھ آبادگار تنظیم کے عہدیداروں اور ممبران عبدالرزاق دلوانی، علی نواز دلوانی، جام خان دلوانی اور دیگر کیخلاف پانی چوری کرنے کا بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ درج کرادیا ہے جوکہ سراسر انتقامی کارروائی ہے اور کاشت کاروں کو محکمہ آبپاشی کے افسران اور عملے کی کرپشن اور نااہلی کیخلاف احتجاج کرنے کی سزادی جارہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ سندھ آبادگار تنظیم اس ناانصافی اور کاشت کاروں کے ساتھ کی جانے والی انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کرے گی اور ہر فورم پر ان کارروائیوں کیخلاف صدا بلند کرنے کے ساتھ ساتھ عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔