حیدر آباد،بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج،دھرنا،ٹائر نذر آتش

374
HYDERABAD: Residents of Latifabad unit no 6 block road during protest against HASCO at 7 no. INP PHOTO by Yasir Rajput

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں بجلی کا بحران بدستور جاری ۔حیسکو کے ستائے ہوئے عوام کا احتجاج‘آٹوبھان روڈ پر دھرنا‘ ٹائر نذر آتش‘ گاڑی کھاتہ کے پریشان دکانداروں اور عوام کی جانب سے ایم کیو ایم کے زونل آفس کا گھیراؤ۔ ایم این اے ‘ ایم پی اے کے خلاف نعرے بازی ۔دس روز سے بجلی کی بندش کے خلاف گاڑی کھاتہ کے دکانداروں اور عوام نےایم کیو ایم کے زونل آفس کے باہر جاکر مظاہرہ کیا اور مظاہرین دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ انہوںنے کہاکہ ایم این اے صلاح الدین اور ایم پی اے راشد خلجی کہاں ہیں ،ہم نے انہیں اسمبلی تک پہنچایا ہے آج یہ کہاں غائب ہوگئے ۔انہوںنے کہاکہ حیسکو نے ظلم کی انتہا کردی ہے، کاروبار تباہ اور رہائشی افراد کی زندگی عذاب بن گئی ہے ۔حیسکو کا عملہ غیر قانونی کنڈے لگوانے میں ملوث ہے جبکہ ایم کیو ایم کے اہم ذمہ داران بھی حیسکو کے ساتھ گٹھ جوڑ کیے ہوئے ہیں جبکہ حیسکو کی جانب سے کھوکھر محلہ گول بلڈنگ کے قریب صحیح ٹرانسفارمر اتار کر رات کی تاریکی میں دوسرے علاقے کا خراب ٹرانسفارمر لگانے پر علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کیا ہے ۔ دوسری جانب آٹو بھان روڈ پر کئی روز سے بجلی کے تعطل کے خلاف دھرنا دیا اورٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے شاہراہ بلاک کردی جبکہ یوسی سات میر نبی بخش ٹاؤن امیر حمزہ مسجد کے قریب بجلی کا ٹرانسفارمر بارہ دن سے خراب ہونے سے شدید گرمی اور اذیت سے دوچار علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے حیسکو چیف سے اپیل کی کہ جلدسے اجلد ٹرانسفارمر لگایاجائے ۔