کراچی کو سندھ سے الگ کیا تو سخت مزاحمت کریں گے،قادر مگسی

423
حیدرآباد: چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی ڈاکٹر قادر مگسی پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ عمران خان کراچی کو سندھ سے جدا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ یہ سب الطاف حسین کے وفادار فروغ نسیم کی ایما پر کیاجارہا ہے۔ اگر کراچی کو الگ کیا گیا تو سخت مذاحمت کریں گے ۔وہ ہفتے کی شام ترقی پسند ہائوس قاسم آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ڈاکٹرقادر مگسی نے کہا کہ کراچی سندھ ہے اور سندھ کراچی کے علاوہ نامکمل ہے کیونکہ ہم نے ہمیشہ کراچی کے حقوق کی بات ہے اور کراچی کیلیے ہم نے خون دیا ہے، آج وزیر اعظم عمران خان اور انکی ٹیم ایم کیو ایم کے وزراء اور ایم کیو ایم لندن کے سربراہ غدار وطن الطاف حسین کے وفادار بیرسٹر فروغ نسیم کے کہنے پر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی باتیں کررہے ہیں جوکہ سندھ کے باسی کسی صورت قبول نہیں کرسکتے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی پہلے بھی وفاق کے حوالے رہا اس دور میں کیا ہوا یہ سب جانتے ہیں جبکہ 1987 سے 2020 تک بلدیاتی اداروں پر ایم کیو ایم قابض رہی ہے ان لوگوں نے کراچی کی عوام کو کیا دیا ۔صرف انھوں نے لسانی سیاست کرکے کراچی کی مائوں کو لاشوں کے تحفے دیے ہیں آج جبکہ کراچی ترقی کی جانب گامزن ہوا ہے تو اسکو سندھ سے الگ کرنے کی بات کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالانکہ 1973 کے آئین کو ہم ناکافی سمجھتے ہیں مگر پھر بھی ہم اس آئین کو تسلیم کرتے ہیں کبھی بھی ہم نے آئین سے غداری کی بات نہیں کی ۔انھوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے مخاطب ہوکر کہنا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں کو کراچی سے تکلیف ہے انھیں اسلام آباد لے جاکر آباد کردیا جائے کیونکہ پہلے بہت سے تارکین وطن کراچی میں آباد ہیں جوکہ سندھ کے لوگوں کے حقوق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں انھوں نے کہا کہ 22 اگست کو ہم نے کراچی کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کررہے۔