کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے،انتخاب سوری، شہزاد مظہر

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری اور سیکرٹری سید شہزاد مظہر نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف آنے والے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عوام میں حالات کی تبدیلی کے حوالے سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے کہ شاید اب حالات بدل جائیں اورکراچی شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کی ناانصافیاں بھی ختم ہوجائیں۔ انتخاب عالم سوری نے حکومت سے کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک 26 لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے، اس کا لائسنس منسوخ کرکے فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے۔ کراچی میں10 سے 15 گھنٹے کی بدترین اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ۔سیکرٹری سید شہزاد مظہرنے کہا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے شکایات کا ازالہ کرنے کی بجائے صارفین کیلیے دروازے بند کردیے ہیں ۔ کراچی کے غریب مظلوم عوام کی فریادسننے والا کو ئی نہیں ،اگر کے الیکٹرک کے اس اقدام کے خلاف کو ئی کارروائی نہ ہوئی تو ایچ آر این جلد ایک احتجاجی مظاہرے کا اعلان کرے گی۔