یو اے ای نے فلسطینیوں کو بیچ دیا ہے، لگسمبرگ

524

برلن: جرمنی کے ہمسایہ یورپی ملک لگسمبرگ کے وزیر خارجہ جین ایسل بورن نے متحدہ عرب امارات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرکے فلسطینی کاز کو فروخت کردیا ہے۔

لکسمبرگ کے وزیر خارجہ نے جرمن خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے حالیہ معاہدے پر یو اے ای کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جین ایسل بورن نے کہا کہ معاشی مفادات اور اپنی سیکیورٹی کے لیے یو اے ای نے اسرائیل کو تسلیم کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”میں بھی جانتا ہوں میرے بھی خطے میں رابطے ہیں، کہ  عرب ممالک کو ایران کا خوف لاحق ہے، لیکن آپ معاشی مفادات کے حصول اور اپنی سیکیورٹی کیلئے اپنے فلسطینی بھائیوں کو نہیں بیچ سکتے۔

جین ایسل بورن نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے خلیجی ممالک کی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ترجیح نہیں رہی ہے۔

انہوں نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو ریاستی حل کی بھر پور حمایت کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اسرائیل اور فلسطین کے مابین مسئلہ حل نہیں ہوجاتا،مشرق وسطی میں امن و استحکام نہیں ہوسکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سرکاری طورپر اسرائیلی حکومت بھی دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، لیکن اس کی جانب سے جو کیا جارہا ہے وہ سب کچھ دو ریاستوں کے حل کے خلاف ہے۔