ایم ایس دھونی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

1304

ممبئی: سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مہندراسنگھ دھونی نے یہ اعلان تصاویر شیئرنگ کی معروف ایپ انسٹاگرام پر کیا، انہوں نے اپنی کیرئیر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شکریہ! آپ کے مسلسل پیار اور سپورٹ کا شکریہ، آج جب اس وقت میں یہ پوسٹ کررہا ہوں 19:29 بجے سے مجھے کھیل سے ریٹائر سمجھا جائے۔

ایم ایس دھونی ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل کے بعد سے بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں بنے، دھونی نے آخری بار بھارت کی نمائندگی عالمی کپ 2019 میں کی تھی، انہوں نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کےآؤٹ ہونے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنی ٹیم کو جیت کے پاس لے آئے تھے لیکن  آخر میں وہ رن آؤٹ ہوگئے تھے جس کے باعث بھارت وہ میچ ہار گیا تھا، وہ میچ ان کے کیرئیر کا آخری میچ ثابت ہوا۔

خیال رہے کہ مہندر سنگھ دھونی ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔

دھونی کا شمار بھارت بلکہ دنیا کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے، انہوں نے بھارت کو محدود اوورز کی کرکٹ میں تین آئی سی سی ٹورنامنٹ جتوائے، ان کی کپتانی میں بھارت نے2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،2011 میں آئی سی سی ورلڈکپ ،2013 میں چیمپئنز ٹرافی اور متعدد ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ جتوائے ہیں۔

2004 میں ڈیبیو کرنے والے مہندر سنگھ دھونی نے 350 ون ڈے میچز میں 50 کی اوسط سے 10 ہزار 773 رنز بنائے جب کہ 98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بھارت کی نمائندگی کرنے کے بعد 37.5 کی اوسط سے 1617 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔