حکومت پاکستان کا یو اے ای پرموقف ڈرا سہما ہے، لیاقت بلوچ

640

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کا متحدہ عرب امارات پر  موقف ڈرا سہمااور بزدلی پر مبنی ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان، ترکی ، ایران ، ملائیشیا اور سعودی عرب کو عالم اسلام کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، اس کے لیے ماحول بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ عالم اسلام نے مسئلہ کشمیرو فلسطین حل کرنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ۔ جس کی وجہ سے عالمی استعمار اپنا ایجنڈا مسلط کر رہاہے، مسلم دنیا تقسیم در تقسیم ہے اسی وجہ سے مسلم عوام بے بسی کے عالم میں ہیں، کشمیراور فلسطین کے عوام کے جذبات شدت سے مجروح ہورہے ہیں ۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ دو سال حکومتی ناکامی اور بد انتظامی نے آئندہ دو سال بھی مشکل تر بنادیے ہیں، ملک بڑے بحرانوں میں گھرگیاہے، حکومت اور اپوزیشن غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کی بلند چوٹی پر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترجیحات پر قومی قیادت کو اکٹھا ہونا ہوگا،وزیراعظم اقتصادی تباہی کی وجہ سے عام آدمی کے بدترین حالات سے بے خبر ہیں، چند مراعات یافتہ طبقوں کے علاوہ تجارت ، زراعت ، صنعت کا پہیہ جام ہے ۔