اسلامی نظریہ پاکستان ملکی سالمیت کا ضامن ہے،حافظ طاہر مجید

508
حیدرآباد: جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ طاہر مجید ، نائب امراء ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم حیدرودیگر جیوے پاکستان ریلی سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآباد نے کہاہے کہ14اگست تجدید عہد کا دن ہے،اسلامی نظریہ پاکستان ہی ملکی سالمیت اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا تھاگو کرپشن گو پوری قوم کانعرہ بن چکاہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے زیراہتمام نکالی گئی جیوے پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی کاآغازپھلیلی پل سے کوہ ِنورچوک اورحیدرچوک سے ہوتی ہوئی پاکستان چوک (گل سینٹر)پراختتام پذیرہوئی ،ریلی میں کارکنا ن اورشہریوں نےملک سے اپنی والہانہ محبت کاثبوت دیتے ہوئے پرجوش اندازمیں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے اپنے اپنے حصے کاکام کریں اور ایک دوسرے کااحترام کریں جمہوریت جمہوری رویہ اپنانے سے پروان چڑھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم کوجشن آزادی مبارک ہوہمیں تحریک پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کونہیں بھولناچاہیے اور مظلوم کشمیریوں کو بھی یادرکھناچاہیے ۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو کہ اپنے قیام کے روز اول سے اس ملک میں فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کیلیے کوشاں ہے۔جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے نائب امراء ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم حیدر، جے آئی یوتھ ضلع حیدرآباد کے صدر راحیل قریشی اور اسلامی جمعیت طلبہ ضلع حیدرآباد کے ناظم نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔بعدازاں 12بجے شب دفترجماعت اسلامی اسٹیشن روڈ پر امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے 73 ویں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سا لمیت ،استحکام ،ترقی ،اورملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے خصوصی دعاکی ۔