کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کیخلاف نیب تحقیقات کا آغاز

284

کراچی ( رپورٹ : محمد انور) نیب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہائینڈرنٹ اور واٹر ڈسٹری بیوشن کے شعبے کے انجینئرز افسران اور ماتحت عملے کے خلاف تحقیقات شروع کردی۔ اس ضمن میں گزشتہ 10سال سے ان شعبوں میں خدمات انجام دینے والے تمام افراد کا ریکارڈ اور کاموں کے حوالے سے تفصیلات طلب کرلی۔ ادارے کے ایم ڈی کو نیب کی طرف لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ 10سالوں کے دوران پانی کی تقسیم پر مامور انجینئرز ، اکائونٹس افسران اور عملہ مختلف نوعیت کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں میں ملوث رہا ہے۔ ان اطلاعات پر نیب کو 10سال کے دوران کرائے جانے والے تمام کاموں اور ہائینڈرنٹ کے ٹھیکوں کا ریکارڈ مطلوب ہے ساتھ ہی اس دوران تعینات تمام افسران و عملے کا ریکارڈ اور اہم تنصیبات کی تفصیلات بھی درکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کے اس مراسلے کے بعد متعلقہ انجینئرز افسران اور عملے میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ چیف انجینئر واٹر ڈسٹری بیوشن غلام قادر نے نیب کے خط پر متعلقہ شعبوں کو طلب کیا گیا ریکارڈ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔