بیروت دھماکوں سے متاثر 60 تاریخی عمارتیں گرنے کا خطرہ

427
بیروت: بندرگاہ پر ہول ناک دھماکوں کی زد میں آنے والی تاریخی عمارتیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں

نیو یارک ؍ بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس و ثقافت یونیسکو نے متنبہ کیا ہے کہ بیروت میں رواں ماہ کے شروع میں ہونے والے دھماکوں سے عالمی تاریخی ورثے میں شامل 640 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 60 کے منہدم ہونے کا خطرہ ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تنظیم نے واضح کیا کہ یہ اعداد شمار لبنانی حکام کے ایک جائزہ سے حاصل کیے گئے ہیں۔ لبنان کی وزارت ثقافت کے نوادرات کے سربراہ سرکیس خوری کے مطابق بیروت دھماکوں میں 8 ہزار عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ان میں سے بیشتر پرانی کالونیوں جیمیزہ اور مارمیخائل میں واقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری مرمت نہ کی گئی تو موسم خزاں کی بارش میں ان کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ دریں اثنا لبنانی وزیر صحت حماد حسن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 177 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 30 افراد تاحال لاپتا ہیں، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ سے وابستہ انسانی حقوق کے تقریباً 40 ماہرین نے بیروت دھماکے کے حوالے سے غیر ذمے دارانہ رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔