اسرائیل کو تسلیم کرنے کا معاملہ، ترکی کا یو اے ای کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا عندیہ

615

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے متحدہ عرب امارات(یواےای) کےساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ترک صدرنےنماز جمعہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یواے ای کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اوراس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا اسرائیل کے ساتھ متنازعہ معاہدہ فلسطینی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، ترکی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “میں نے اپنے وزیر خارجہ کو ضروری مشاورت کا کہا ہے، ہم یا تو یو اے ای کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرسکتے ہیں یا اپنے سفیر کو واپس بلا سکتے ہیں کیونکہ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی کی وزارت خارجہ نےاس حوالے سے بیان جاری کیا تھا جس میں یو اے ای کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے پر ترکی نےاسےمفادات کی خاطر فلسطینی کاز کو دھوکہ کہا تھا۔”

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یواے ای کو فلسطینیوں کی نمائندگی یا ان کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ بات چیت کا کوئی حق نہیں ہے، یواے ای نے فلسطینیوں کے ساتھ غداری کی ہے۔