ملک بھر میں 74 واں یوم آزادی آج منایا جارہا ہے

476

پاکستان میں قوم 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کے ساتھ منارہی ہے کہ بابائے قوم کے افکار اور مصور پاکستان کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق پاکستان کو دنیا کے نقشے پر عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے۔

پاکستان بھر میں قوم آج 74 واں یوم آزادی منارہی ہے جبکہ دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائوں کے ساتھ کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ گلیوں اور بازاروں کو سجایا گیا ہے، پارلیمنٹ ہائوس میں خوبصورت برقی قمقموں نے ڈی چوک کی رونق بڑھا دی ہے۔

کراچی میں مزارقائد پراعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی جس میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمشتاق احمدتقریب کےمہمان خصوصی تھے۔

پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جبکہ گارڈز نے قائداعظم محمدعلی جناحؒ کے مزار پر سلامی پیش کی۔

دوسری جانب لاہور میں مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجداحسان نے مزاراقبال پرحاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔