جماعت اسلامی نے کشمیر ریلی بم حملے کے مقام پر قومی پرچم لہرایا

831

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت 13اور 14اگست کی درمیانی شب،5اگست کوگلشن اقبال میں کشمیر ریلی پر بم حملے اور ایک کارکن رفیق تنولی کی شہادت کے مقام پر قومی پرچم لہرایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پرجوش نعروں کی گونج میں ایک کم سن بچے کے ہمراہ پرچم کشائی کی، تمام شرکاء نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھا اور نوجوانوں کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی۔

جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے نوجوانوں سمیت گلشن اقبال کے عوام نے بھی بڑی تعداد میں اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی،جن میں خواتین،بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔

رفیق تنولی کے مقام شہادت پر پرچم کشائی کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ لاالہ الااللہ کی بنیاد اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے حاصل کیا گیا تھا اور اس ملک کے استحکام،بقااو رپورے ملک کو جوڑنے والی طاقت اور قوت صرف اسلام ہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،کشمیری عوام پاکستان کی تکمیل کے ایجنڈے کو مکمل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں،آج یوم آزادی کے موقع پر ہمیں یہ عہد اور عزم کرنا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذاور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اس جگہ موجود ہیں جہاں 9دن قبل کشمیر ریلی پر بھارت اور اس کے ایجنٹوں نے بم حملہ کیا 39کارکنان زخمی اور رفیق تنولی شہید ہوئے،اس وقت اس بچے نے جس جذبات کا اظہار کیا،قوم کا ہر بچہ ایسے ہی جذبات رکھتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ آج یہاں بڑی تعداد میں لوگوں کا جمع ہونا بھی اس عزم کا اعلان اور پیغام ہے کہ ہم رکنے اور دبنے والے نہیں ہیں،آج ایک با ر پھر اس مقام پر جمع ہیں اور جدوجہد کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ آج ملک کے 22کروڑعوام یہ عزم کررہے ہیں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی ملک کی سلامتی ودفاع اور کشمیر کی آزادی کے لیے حاضر ہے،ہم شہدا کے وارث ہیں،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔