کشمیری عوام پر بھارتی مظالم نے ثابت کیا کہ قائداعظم کا ویژن بالکل درست تھا، خالد عراقی

471

جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا ویژن بالکل درست تھا۔

جامعہ کراچی میں 74 واں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حمد ونعت پیش کی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ نے پرچم کشائی کی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جوہمارے بزرگوں اور آباو اجدا د کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ گذشتہ 73 سالوں میں ہم نے پاکستان میں بہت کچھ دیکھا پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد کئی حلقوں کی طرف سے یہ پروپیگنڈا کیاگیا کہ پاکستان کا قیام عارضی ہے اور بہت جلد پاکستانیوں کو احساس ہوگا کہ انہوں نے غلطی کی لیکن آج 73 سال بعد ہم نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا قیام کو ئی غلطی نہیں ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح کا ویژن بالکل درست تھا اور ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی اس پاک سرزمین کی حفاظت کریں گے،ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جو اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرکے پاکستانی کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنایا۔

تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرسلیم شہزاد،صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔