سندھ حکومت کا کراچی کے وسط میں پیپلز اسکوائر کا منصوبہ

363

کراچی (نمائندہ جسارت)ترجمان سندھ حکومت و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا منصوبہ تیار ہے جس کو پیپلز اسکوائر کا نام دیا گیا ہے۔
منصوبہ قدیم علاقوں مسلم لا کالج، برنس روڈ، ڈی جے سائنس کالج، این ای ڈی سٹی کیمپس، سندھ سیکرٹریٹ، برنس گارڈن، نیشنل میوزیم اور آرٹس کانسل کے ساتھ بنایا گیا ہے۔ جسے عالمی بینک کے اشتراک سے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، افتتاح 2سے 3 روزمیں کردیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں پارکنگ پلازا بھی تعمیر کیا گیا ہے جس میں 350گاڑیوں اور250موٹرسائیکلیں کھڑی کرنیکی سہولت ہے،2 ہزار افراد بیک وقت اس خوبصورت تفریحی مقام پرآسکتے ہیں، پیپلزاسکوائر کی 50فیصد دکانیں خواتین کے لیے مختص ہیں، منصوبے کے تحت اطراف کی عمارتوں کی مرمت اورلائٹنگ کی ہے۔ منصوبے کے گراؤنڈ فلور پر خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، دیدہ زیب لائٹس، مختلف اسٹالز، ٹک شاپس کا قیام اور بے شمار پودے و درخت لگائے گئے ہیں جس سے ایک خوبصورت احساس پیدا ہوتا ہے ،یہاں ٹک شاپس میں کھانے پینے کی اشیاء کی سہولت ہوگی جس سے شہریوں کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کی سہولت حاصل ہوگی ،پارکنگ ایریا میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔