سراج تیلی گروپ 23 ویں مرتبہ کراچی چیمبر میں کامیاب

312

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سراج تیلی گروپ 23 ویں مرتبہ کراچی چیمبر میںکامیاب رہی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے انتخابات برائے2020-22 کے لیے بزنس مین گروپ کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر20 ا میدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں تمام امیدواروں کا تعلق بی ایم جی سے تھا۔الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جن میں سے 5 کاغذات نامزدگی کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا جس کے نتیجے میں باقی رہ جانے والے بی ایم جی کے تمام 15 امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب ہوا اور اس طرح کے سی سی آئی کے انتخابات برائے 2020-22 میں بی ایم جی کے تمام 15 امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے اس موقع پر اللہ عزوجل کا شکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ بی ایم جی گزشتہ 23 سالوں سے ایک سیٹ ہارے بغیر تمام نشستوں پرکامیابی حاصل کرتا آرہا ہے اور 2018 کے انتخابات میں مخالفین کو دگنے ووٹوں سے بدترین شکست دی۔ اللہ تعالیٰ کے کرم سے اس سال بھی بی ایم جی اینز بلامقابلہ فتح سے ہمکنار ہوئے۔انہوں نے کہاکہ 23 ویں سال کامیابی بزنس مین گروپ کی عوامی خدمات کا اعتراف ہے جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ تاجروصنعتکار برادری کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے متفق ہے کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ بی ایم جی اینز ہی ان کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔چیئرمین بی ایم جی نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب بی ایم جی اینز اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تاجروصنعتکار برادری کی بہتر وکالت کرنے کی کوشش کریں گے اور بی ایم جی کے عوامی خدمت کے مقصد کوآگے بڑھانے میں اپنابھرپور کردار ادا کریں گے۔بی ایم جی کے کامیاب امیدواروںمیں محمد ثاقب، ایم شارق وہرہ، شمس السلام خان، محمد حنیف ایوب، قاضی ذاہد حسین،محمد ہلال شیخ، محمد علی، شیخ مدثر رفیق مگون، تنویر احمد باری، جاوید صدیق، چودہری محمد ذاہد بشیر، احمد عظیم علوی، محمد اقبال خمیسانی، ظہیر احمد اور فیض احمد شامل ہیں۔