سندھ حکومت کا وفاق سے تعلقات بہتر بنانے کا فیصلہ

126

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے وفاق سے تعلقات بہتر بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ، اس فیصلے کے تحت فوری طور پر حکومت نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بھائی و ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی مولانا ضیاالرحمن کی خدمات واپس خیبر پختونخوا گورنمنٹ کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ جمعرات 13 اگست کو چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے
دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ضیاالرحمن کی خدمات واپس کے پی کے حکومت کے حوالے کردی ہیں اور انہیں ڈپٹی کمشنر کی اسامی سے فارغ کردیا گیا ہے۔ یادرہے کہ 27 جولائی کو وفاقی حکومت نے ضیاالرحمن کی سندھ گورنمنٹ میں تبادلے کو منسوخ کرکے انہیں کے پی کے گورنمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی مگر اس حکم پر فوری عمل نہیں کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے وفاق سے تعلقات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی فیصلے کے تحت ضیاالرحمن کی خدمات واپس کے پی کے سپرد کردی ہیں۔