الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کے زیر التوا امور پر کام شروع کردیا

463

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جلد متوقع بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے تمام زیر التوا امور پر فوری طورپر کام شروع کردیا ہے جو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکے تھے۔ اس سلسلے میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان تمام اضلاع میں 16 ستمبر 2020ء کو 11 کروڑ 23 لاکھ سے زائد رائے دہندگان پر مشتمل تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کرے گا۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر حاصل کرسکیں گے اور اضلاع میں قائم رجسٹریشن افسران اور اسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں فارم برائے اندراج/ منتقلی/ درستگی ووٹ بھی جمع کرواسکیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پر فارم – 21برائے اندراج / منتقلی ووٹ، فارم-22 برائے اعتراض / حذف ووٹ فارم-23 برائے درستگی کوائف اور تمام دفاتر ،جہاں فارم جمع کروانے کی سہولت دی جارہی ہے، کی تفصیلات دستیاب ہونگی۔