اسلام آباد :شاہراوں پر تحریک پاکستان کے رہنمائوں کے تعارفی بینرزمیں بے شمار غلطیاں

127

اسلام آباد ( میاں منیر احمد) اسلام آباد کے میئر انصر عزیز کی جانب سے یوم آزادی کی مناسبت سے شہر کی تمام بڑی شاہراوں پر تحریک پاکستان کے رہنمائوں کے تعارفی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں لیکن ان میں بے شمار غلطیاں ہیں‘ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پرغلطیوں والے تمام بینر اتار دیے گئے ۔ان بینرز میں ایک بینر بیگم رعنا لیاقت علی خان سے متعلق بھی ہے جس پر ان کا نام بیگم ’’رانا ‘‘لیاقت علی خان لکھا گیا تھا ‘رعنا لیاقت علی خان سابق وزیر اعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی اہلیہ تھیں اور وہ سندھ کی گورنر بھی رہی ہیں، ان کی پیدائش فروری 1905 ء میں ہوئی اور 13 جون 1990 ء کو ان کا انتقال ہوا، وہ 1947 ء سے 1951ء تک پاکستان کی خاتون اول تھیں۔