نظریہ پاکستان ہی ملکی سا لمیت و خوشحالی کی ضمانت ہے، حسین محنتی

471
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی گلبرگ میں جشن آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی سا لمیت اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ 14اگست تجدید عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم لاکھوں شہداو قربانیوں اور لاالہ الاللہ کے نام سے حاصل کردہ ملک میں خون کے آخری قطرے تک شریعت کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں پرچم کشائی تقریب کے دوران کیا۔صوبائی نائب قیم محمد مسلم،ناظم عمومی محمد دین منصوری،پروفیسر ڈاکٹر اسحق منصوری،کامران سراج اورمجاہد چنا سمیت دیگررہنمابھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو کہ اپنے قیام کے روز اول سے اس ملک میں فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔قیام پاکستان کے حوالے سے باب الاسلام سندھ کا کلیدی اوراہم کردار ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان بننے کے بعد جتنے بھی حکمران برسر اقتدار آئے ان کی اکثریت نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پس پشت رکھ کر اپنے ذاتی مفاد اور اغیار کے مقاصد کو پورا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج وطن عزیز مہنگائی، کرپشن، بے روزگاری اور بیرونی یلغار سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ ملک و قوم کو مسائل سے نکالنے ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کا واحد حل دیانتدار قیادت اور اسلامی نظام کا قیام ہے ۔ آج پھر 14 اگست 1947ء کے جذبے کو بیدار اور ملک میں قرآن وسنت کے نفاذ کے لیے تجدید عہد کیا جائے۔