عدالت کا فیسوں میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

598

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیسوں میں 20 فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نجی اسکولوں کی فیس میں رعایت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت پر ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ اسکولز منصوب صدیقی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ فیس میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف شکایت درج کرائیں اور شکایت پر ڈی جی پرائیوٹ اسکولز اُن اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیوٹ اسکولز منصوب صدیقی کو ہدایت کی کہ 20 فیصد رعایت کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

جس پر ڈی جی پرائیوٹ اسکولز نے عدالت کو فیسوں میں کمی نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے فیسوں میں کمی کی عملدرآمد کی رپورٹ 20 دن میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام فریقین کی رضامندی کے بعد درخواست نمٹا دی۔