ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی

913

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی، ملک بھر میں تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت 16 ستمبر کو کی جائے گی۔

مذکورہ اعداد و شمار بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سامنے آئے ہیں جس کی تیاریاں الیکشن کمیشن نے تیزکر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کی جارہی ہے جبکہ ووٹرز آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔

گزشتہ چند ماہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے معاملات التوا کا شکار تھے تاہم اب معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ سال 2018 کے انتخابات میں ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار تھی جس میں سے 55.9 فیصد مرد ووٹرز جبکہ 44.1 فیصد خواتین ووٹرز تھیں۔

اس سے قبل سنہ 2013 کے عام انتخابات میں ووٹرز کی تعداد 8 کروڑ 61 لاکھ 90 ہزار تھی جو سنہ 2018 میں 23 فیصد بڑھ گئی تھی۔