مسجد میں فلم کی شوٹنگ کا حکومت نے نوٹس لیا ہے،علی محمد خان

235

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مسجد وزیر خان میں ہونے والے واقعہ کا حکومت نے نوٹس لیا ہے۔ ہماری روایات اور رشتوں کے تقدس کو پامال کرنے والے ڈراموں پر نوٹس لیا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر عمران احمد شاہ نے کہا کہ پشاور کی عدالت میں قتل اور مسجد وزیر خان میں فلم کی شوٹنگ کا معاملہ اٹھایا جس پر اسپیکر نے کہا کہ اس حوالے سے قانون میں اگر کوئی سقم ہے تو اس کو دور کرنے کے لیے ترامیم لائی جائیں۔
مسجد وزیر خان میں فلم کی شوٹنگ کے واقعہ پر چیف سیکرٹری اس کی تحقیقات اور کارروائی کرکے آگاہ کریں۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ جب عدالتوں میں انصاف میں تاخیر ہوتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلتے۔ مسجد وزیر خان کے واقعہ پر ہم سب کے دل دکھے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے اس کا نوٹس لیا تھا اور محکمہ اوقاف سے اس بارے میں وضاحت لی تھی جبکہ یہاں شوٹنگ کرنے والے فرد نے بھی قوم سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے ڈرامے ہماری روایات کے امین اور معاشرتی اقدار کو مضبوط کرتے تھے تاہم اب کے ڈراموں میں رشتوںکا تقدس پامال کیا جاتا ہے، حکومت اس کا نوٹس لے گی۔