ای سی سی اجلاس: روزویلٹ ہوٹل کیلیے 10 کروڑ 50 لاکھ کی گرانٹ منظور

159

اسلام آباد (اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹل کو مالی امدادکی فراہمی کی اصولی منظوری دے دی، ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹل کے مالی معاملات کو بروقت حل کرنے کی ہدایات کیں اور پائیدار ترقی کے پروگرام کے لیے 8 ارب سے زاید کے فنڈز جاری کرنے کی سمری منظور کی گئی۔اجلا س میں ایشیائی ترقیاتی بینک کو آف شور بانڈز کے اجرا کی بھی منظوری دے دی گئی، بانڈز مارکیٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جاری کیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام تمام شہریوں کے لیے بلا امتیاز شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ٹریول اور سیاحتی کاروبار کے لیے سالانہ فیس کی چھوٹ کی منظوری بھی دے دی گئی، اس اقدام سے ایک سال کے دوران 17 ارب روپے کی سہولت مل سکے گی۔ سارک کویڈ 19 ایمرجنسی فنڈز کے لیے اضافی 3 ملین ڈالرز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا سے متعلق 540 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، اجلاس میں 5 کروڑ روپے تک کے ری فنڈز کے لےے 40 ارب روپے کی فراہمی کی سمری منظور کی گئی۔