چینی اور گندم کا وافر ذخیرہ ہے‘ مشیر تجارت کادعویٰ

132

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چینی، آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ صرف مافیا کا گٹھ جوڑ نہیں بلکہ اور بھی کئی وجوہات ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے مشیر تجارت نے وزیر اعظم کے تشکیل کردہ شوگر انکوائری کمیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ شوگر انکوائری کمیشن نے آج تک چینی کے ذخائر کو نہیں دیکھا۔ چینی کی برآمد کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ چینی کی برآمد کا فیصلہ درست تھا۔ چینی، آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ صرف مافیا کا گٹھ جوڑ نہیں۔ چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔ اشیا خورونوش کے حوالے سے بزنس ماڈل بھی نہیں ہے۔ مہنگائی میں اضافہ ہوا، چینی اور آٹے کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ بجلی، گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی ہوئی۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ چینی پر سیلز ٹیکس بڑھانا بھی چینی کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔عبد الرزاق دادنے کہا کہ ملک میں چینی اور گندم کا سٹاک موجود ہے۔ ملک میں گندم اور چینی کی قلت کا تاثر پیدا کردیا گیا ہے۔ اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے گندم اور چینی درآمد کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، مافیاز کے خلاف کارروائی میں وقت لگتا ہے، پہلی بار گندم کی کٹائی کے فوری بعد قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ مشیر صنعت و پیداوار کا قلمدان واپس لینے پر وزیراعظم نے اعتماد میں لیا تھا، مجھ پر کام کا بوجھ زیادہ تھا میری بھی خواہش تھی وزارت صنعت و پیداوار کا قلمدان واپس لیا جائے۔