نیب کی خواجہ برادران کی ضمانت کیخلاف درخواست دائر

94

اسلام آباد (اے پی پی) نیب نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت سے متعلق فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ لیگی رہنماؤں کی ضمانت سے متعلق 20 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست ضمانت پر عدالت عظمیٰ کا 2 رکنی نہیں3 رکنی بینج ہی فیصلہ جاری کر سکتا ہے۔ خواجہ برادران کی ضمانت سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو متاثر کریں گی، آبزرویشنز کو حذف کیا جانا چاہیے۔ درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس ایک خصوصی قانون ہے جو ملک میں رائج عمومی قوانین پر فوقیت رکھتا ہے، خواجہ برادران کو شفاف ٹرائل کا موقع دیاگیا، وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کا بیان عدالت عظمی میں ثابت بھی کیا جائیگا، ٹرائل کورٹ میں ملزمان کی جانب سے شور کرکے سماعت ملتوی کروائی گئی، استغاثہ اپنے مؤقف پر قائم رہا اور انکوائری مکمل ہوئی۔