مغربی کنارے میں اسرائیل کی غیر معمولی فوجی سرگرمیاں

369
مغربی کنارہ: قابض صہیونی فوج نے فلسطینی شہری کا گودام مسمار کردیا ‘ یہودی آباد کار سڑک بند کرکے مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں سیکورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں اور فلسطینی علاقوں کو یہودی کالونیوں سے ملانے والے مقامات پر فوج کی بھاری نفری تعینات کرکے فلسطینیوں کی نقل وحرکت محدود کردی ہے۔ عبرانی اخبار معاریو کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیوار فاصل کے اطراف میں یہودی کالونیوں اور خاص مقامات پر فوج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد فلسطینیوں کی طرف سے بڑھتے احتجاجی مظاہروں اور ان میں ممکنہ تشدد کی روک تھام ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر گشت کرنے والی اسرائیلی پولیس اور فوج نے فلسطینیوں کی آمد ورفت محدود کردی ہے۔ قابض فوج طولکرم اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ فلسطینی راہ گیروں اور گاڑیوں پر سوار افراد کو بھی روک رہی ہے۔ دوسری جانب بدھ کے روز اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں سے غزہ میں کئی مقامات پر بمباری بھی کی۔ اس سے قبل منگل کی شام صہیونی فوج نے ٹینکوں نے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں مزاحمتی تنصیبات پر گولہ باری کی تھی۔ صہیونی فوج نے مشرقی دیر البلح میں فلسطینی مزاحمتی مراکز پر گولے داغے اور مشین گنوں سے فائرنگ کی۔اسرائیلی فوج کے حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔