امریکا کا ہر لبنانی حکومت پر دبائو برقرار رکھنے کا اعلان

374
بیروت: شہری اپنی مدد آپ کے تحت دھماکوں سے گرنے والا تنا ہٹا رہے ہیں‘ فوجی بینڈ حادثے کے مقام پر دھنیں بجا رہا ہے

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی مندوب کیلی کرافٹ نے کہا ہے کہ لبنان کی کوئی بھی حکومت حزب اللہ کو اسلحہ کے حصول سے باز رکھنے کی پابند ہو گی۔ عرب ٹی وی چینل کو انٹروی میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی تعینات امن فوج جنوبی لبنان میں اپنا مشن جاری رکھے گی۔ کرفٹ نے مزید کہا کہ ہم ایک اہم ڈونر ملک ہیں اور ہم ہمیشہ لبنان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ لبنانی عوام ایک بہتر مستقبل کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ہتھیاروں کے استعمال کا سہارا لے گا۔ کرافٹ نے ایران پر زور دیا کہ وہ سابق لبنانی حکومت کا حصہ رہنے والی ملیشیا حزب اللہ کو مسلح کرنا بند کرے۔ کرافٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع کے مسودے پر رائے شماری اگلے ہفتے ہی ہوگی۔ سلامتی کونسل کے ممالک کو دہشت گردی یا امن کی حمایت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ کرافٹ نے مزید کہا کہ واشنگٹن ایران پر اسلحہ کی پابندی کی تجدید کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔ انہوں نے ایران پر اسلحہ کی پابندی کے بارے میں خلیج تعاون کونسل کے اصولی موقف پر اس کا شکریہ ادا کیا۔ سلامتی کونسل میں امریکی مندوب نے وضاحت کی کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع نہ کرنے کے خدشات سے بخوبی آگاہ ہے۔ اسلحہ کے پابندی سے متعلق ایرانی موقف کو لغو قرار دیا۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ ناکامی امریکا کے لیے کوئی آپشن نہیں ہے۔