جنوبی سوڈان : عوام اور فوج میں تصادم‘127 ہلاک

260
جنوبی سوڈان: فوج کی فائرنگ کے باعث خوف زدہ شہری بھاگ رہے ہیں

جوبا (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی سوڈان کے قصبے تونج میں تخفیف اسلحہ آپریشن کے دوران فوجیوں اور شہریوں کے درمیان جھڑپوں میں 127 افراد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی سوڈان میں 6سال سے حکومت نہ ہونے کے باعث خانہ جنگی جاری ہے اور کئی قبائل خود کو ہتھیاروں سے لیس رکھتے ہیں۔ حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد جان بچانے کے لیے جنگلات میں جا کر چھپ گئی ہے۔فوجی ترجمان میجر جنرل روائی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا،جس پر ہتھیار رکھنے والے شہری مشتعل ہوگئے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں 45 اہل کار اور 82 مقامی نوجوان شامل تھے، جب کہ کاررروائی کے دوران مزید 32 فوجی زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 6کی حالت نازک ہے،جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا، جب فوجی اہل کار نے ایک نوجوان کو سر پر اوڑھی گئی شال اتارنے کا کہا، تاہم اس نے حکم کی تعمیل نہ کی اور اپنے حامیوں کو بلالیا۔