اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے لبنان کی سرحد پر لگی باڑ توڑ دی

599

بیروت میں دھماکوں کے بعد اسرائیلی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبنان کے ساتھ لگی سرحدی باڑ توڑ دی۔

ترک میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز لبنان کی سرحد پر لگی باڑ توڑ دی ہے جبکہ 3 اسرائیلی جنگی ٹینک لبنان کی سرحد میں داخل ہوئے، ایک اسرائیلی ٹینک کی جانب سے فاسفورس بم داغا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے لبنان کی سرحد سے متصل تکنیکی باڑ کو عبور کیا جو لبنان کو اسرائیل سے الگ کرتی ہے۔واقعہ مئی الجبال نامی قصبے کے قریب رونما ہوا تاہم اسرائیلی ٹینک واپس اپنی حدودمیں جاچکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے خبر کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان 79 کلومیٹر کی طویل سرحد لگتی ہے ،دونوں ملکوں کے مابین سرحد پر باڑ نصب ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے۔