وزیراعظم 14 اگست کے بعد کراچی کا دورہ کریں گے

652
وزیراعظم نے منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی ری شیڈول کردیا گیا، 14 اگست کے بعد کراچی جائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسمائیل اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ وزیراعظم سے آج ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال اور کراچی میں ترقیاتی کاموں پر گفتگو ہوگی۔ جب کہ گورنر سندھ کراچی میں نکاس آب کی صورتحال پر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم کا دورہ کراچی بی آر ٹی پشاور منصوبے کے افتتاح کے باعث ملتوی ہوا۔ وزیراعظم کل (جمعرات کو) بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کریں گے۔

بی آر ٹی بسوں میں سفر کرنے کے لیے شہریوں میں سفری کارڈز کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے مجموعی طور پر ایک لاکھ سفری کارڈز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے کووڈ 19 کے باوجود بی آر ٹی پر کام کرایا اور دن رات اس میگا پروجیکٹ کی خود نگرانی کی جس کی بدولت یہ منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔