حضرت محمدؐ کے نام کے ساتھ خاتم النبیینؐ لکھنے کی قرارداد منظور

2080

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمدؐ کے نام کے ساتھ خاتم النبیینؐ لازمی لکھنے اور قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تقریر کو نصاب کا حصہ بنانے کی قراردادیں منظور کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق قرارداد قومی اسمبلی کے رکن علی محمد خان نے پیش کی۔ قرارداد کے متن کے مطابق حضرت محمدؐ کے نام کے ساتھ خاتم النبیینؐ تمام سرکاری، غیر سرکاری دستاویزات میں لکھا جائے۔

قومی اسمبلی نے علی محمد خان کی پیش کردہ قرارداد منظور کرلی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تقریر کو نصاب کا حصہ بنانے کی بھی قرارداد منظور کی گئی۔

یہ قرارداد اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو پہلی دستورساز اسمبلی میں تقریر کی، قائد اعظم کی تقریر کو نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ نئی نسل کو ان کے اقوال سے روشناس کروایا جائے۔

قومی اسمبلی نے ڈاکٹر درشن کی پیش کردہ قرارداد منظور کرلی۔